اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے منشیات کی فروخت اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ تعلقات عامہ کے افسر نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس شمس کالونی، نون، پھلگراں اور تھانہ نیلور کی ٹیموں نے منشیات کی فروخت اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے چار ملزمان محمد عرفان، حمزہ خان، وہاب علی اور اللہ دتہ کو بھی گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 30 بور کے چار پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔
اسی طرح تھانہ لوہی بھیر اور سبزی منڈی کی ٹیم نے عطاء اللہ اور رضوان اللہ نامی دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 1200 گرام ہیروئن اور 65 گرام آئس برآمد کر لی۔ علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے چار مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سماج دشمن عناصر کو شہریوں کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے،شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ تھانے اور ایمرجنسی ہیلپ لائن "Pukar-15” کو دیں تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان تعاون کے ذریعے شہر کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔