
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):اسلام آباد بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری مجرمان کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے ،گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران منشیات فروشی ودیگر جرائم میں ملوث 32جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کےمنشیات اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمدکرکے مختلف تھانہ جات میں مقدمات درج کر لئے گئے ۔
وفاقی پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ”نشہ!اب نہیں” تحریک، جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری مجرمان کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے،ان احکامات کی روشنی میں پولیس ٹیموں نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران منشیات فروشی و دیگر جرائم میں ملوث 32 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے منشیات او ر اسلحہ معہ ایمو نیشن برآمد کرلیا۔
تھانہ آبپار ہ پولیس نے دو ملزمان اکمل اور عبد الطیف کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 1,520گرام ہیروئن برآمد کرلی، تھانہ ترنول پولیس نے ملزم محمد سفیان کوگرفتار کرکے اس سے قبضہ سے 1,230گرام ہیروئن برآمد کرلی۔ تھانہ رمنا پولیس نے غیر ملکی ملزم افسیناشیکو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 60 ڈبے بیئر برآمد کر لئے۔
تھانہ کوہسار پولیس نے ملزم تیمور کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک عدد تیس بور پستول برآمد کر لیا، تھانہ ترنول پولیس نے ملزم ارسلان خان کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک عدد تیس بور پستول برآمد کر لیا۔ تھانہ نون پولیس نے ملزم سیرت خان کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک عدد تیس بور پستول برآمد کر لیا، تھانہ لوہی بھیر پولیس نے دو ملزمان عدنان اور بلال کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے دو عدد تیس بور پستول برآمد کر لیے۔
تھانہ بہارہ کہو پولیس نے ملزم ارسلان ساغر کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک عدد تیس بور پستول برآمد کرلیا۔تھانہ شہزاد ٹان پولیس نے دو ملزمان ناصر اور حسن جہانگیر کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے دو عدد پستول برآمد کر لیے، گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانہ جات میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گی ہے جبکہ مجرمان اشتہاری وعدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران 20 مجرمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔
ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس منشیات و شراب فروشی جیسے گھنائونے کاروبار اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لائے گی، شہری منشیات فروشی اور کسی بھی مشکوک شخص یا سر گرمی کے متعلق اپنے متعلقہ تھانہ، ایمرجنسی ہیلپ لائن ”پکار۔ 15”یا آئی سی ٹی۔ 15 ” ایپ پرفوری اطلاع دیں۔