اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل پولیس نے مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 18 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا۔اتوار کوتعلقات عامہ کے افسر نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس سیکرٹریٹ، کوہسار، کراچی کمپنی، گولڑہ، شمس کالونی، کھنہ، ہمک، پھولگراں، بہارہ کہو اور بنی گالہ پولیس کی ٹیموں نے مختلف جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیموں نے 15 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3,055 گرام چرس، 2,365 گرام ہیروئن، 300 گرام آئس اور چھ پستول سمیت گولہ بارود برآمد کیا۔ علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے تین مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشن محمد شعیب خان نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے اور اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی عناصر کو شہریوں کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570572