24.6 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومقومی خبریںاسلام آباد چیمبرٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک نظام کی بہتری...

اسلام آباد چیمبرٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے آگاہی مہم چلانے کو تیار ہے، احسن ظفر بختاوری

- Advertisement -

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):ایس ایس پی ٹریفک پولیس اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے ایس پی چوہدری عابد اور ڈی ایس پی طارق محمود کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور ٹریفک مسائل پر قابو پانے کیلئے تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ٹریفک کے حادثات بڑھتے جا رہے ہیں ، انہوں نے تجویز دی کہ ایک سٹیزن کمیٹی تشکیل دی جائے جو ان حادثات کی روک تھام کیلئے پولیس کے ساتھ مل کر کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف وزری کو روکنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں، نابالغ بچوں کی ڈرایئونگ پر پابندی عائد کی جائے، سیٹ بیلٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، ون ویلنگ اوربے ہنگم ڈرائیونگ سمیت قوانین کی دیگر خلاف ورزیوں کی روک تھام کی جائے جس سے حادثات کم ہوں گے اور ٹریفک نظام میں بہتری آئے گی ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد شہر بہت پھیل گیا ہے،ٹریفک پولیس کی موجودہ نفری ناکافی ہے،آئی جی اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کوٹہ مزید بڑھائیں تاکہ کاروباری مراکز سمیت دیگر مصروف جگہوں پر ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ روات،ترنول،بہارہ کہو جیسے داخلی راستوں پر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ان علاقوں میں واقع تجارتی مراکز کو ٹریفک کے بدترین مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصروف علاقوں میں لین مارکنگ طویل عرصے سے نہیں ہوئی جس وجہ سے ٹریفک کا ڈسپلن متاثر ہوا ہے، ٹریفک پولیس اسلام آباد چیمبر کے ساتھ مل کر اس پر بھی کام کرے،

اسلام آباد میں ٹریفک انجینئرنگ کا شعبہ سی ڈی اے کے بجائے ٹریفک پولیس کو دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے آگاہی مہم چلانے کو تیار ہے۔ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے بزنس کمیونٹی اورٹریفک پولیس کا باہمی تعاون بہت اہم ہے، اسلام آباد کے بڑے تجارتی مراکز میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے اور ٹریفک روانی کو بحال رکھنے کیلئے خصوصی میکنزم بنایا گیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ٹریفک کی بہتری کیلئے تمام مارکیٹوں میں کیمرے نصب کیے جائیں جس سے نفری کی کمی کے باوجود کار چوری اور دیگر مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس وسائل کی قلت کے باوجود بہتر کام کرنے کیلئے کوشاں ہے، جہاں کچھ مسائل ہیں ان کو مل کر حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آگاہی پروگرام کے حوالے سے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرے، شہریوں کو آگاہی ہو گی تو مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہرالاسلام ظفر نے کہا کہ پولیس شہریوں کو ٹریفک کی ٹریننگ دینے کا اہتمام کرے، چیمبر اور ٹریفک پولیس کے درمیان قریبی روابط سے مسائل حل ہوں گے، بے تحاشا ای چالان کے مسئلے کو دیکھا جائے ، پولیس اور تاجر مل کر مسائل پر بہتر قابو پا سکتے ہیں۔چیمبر کی پولیس کمیٹی کے کنوینر سیف الرحمان خان سمیت مختلف مارکیٹوں کے صدور نے بھی ٹریفک سے متعلقہ مسائل کو اجاگر کیا اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے مفید تجاویز دیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں