اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز (آئی سی ایس ٹی ایس آئی )کے دوسرے انٹرنیشنل اچیور ایوارڈ ملائیشیا میں نوجوان کاروباری شخصیت احمد اسامہ طاہر (ایڈوائزر ٹو پریذیڈنٹ آئی سی ایس ٹی ایس آئی ) کو ان کی شاندار کاروباری خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا ہے ۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز نے کوالالمپور میں اپنا دوسرا انٹرنیشنل اچیور ایوارڈ شاندار انداز میں منعقد کیا۔ تقریب میں اسلام آباد کے ممتاز ایس ایم ای تاجروں پر مشتمل وفد نے شرکت کی جس کی قیادت صدر چیمبر محمد اویس ستی اور نائب صدر سردار ظہیر احمد نے کی۔
ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا نے بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی میں چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ انہوں نے ملائیشیا میں پاکستانی کاروباری برادری کے لیے دستیاب مواقع کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں ای-11 کے صدر ظاہر عباسی، جی-11 مرکز کے صدر نعیم اختر اعوان، پرنٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر اور آئی سی ایس ٹی ایس آئی کے ایگزیکٹو ممبر وسیم الحق کو بھی ایوارڈ زسے نوازا گیا۔واضح رہے کہ قبل ازیں احمد اسامہ طاہر کو بطور نوجوان کاروباری شخصیت خدمات کے اعتراف میں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔