اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے اور معاشی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے تاجر برادری کے اراکین کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز (آئی سی ایس ٹی ایس آئی)کے صدر محمد اویس ستی کی قیادت میں آنےوالے ایک وفد سے چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے چیئرمین قاضی محمد الیاس، نائب صدر سردار ظہیر احمد، سابق صدر ملک ندیم اور دیگر اہم اراکین شامل تھے۔ صدر قریشی نے وفد کا خیرمقدم کیا اور آئی سی سی آئی کے نئے عہدیداروں کو مبارکباد دینے کے ان کے جذبے کو سراہا۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے چیمبر کی سروس ڈیلیوری کو بڑھانے کے لیے اٹھائے گئے اپنے اقدامات کا ذکر کیا جن میں کارپوریٹ کلچر کو متعارف کرانا، ممبر شپ ڈیپارٹمنٹ کو ڈیجیٹل بنانا اور نمائشوں کا اہتمام کرنا شامل ہے ۔ انہوں نے اسلام آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے زمین کے حصول کے لیے چیمبر کی کوششوں اور تاجر برادری کی سہولت کے لیے مختلف سرکاری اداروں کے فیسیلیٹیشن ڈیسکس کے قیام کا بھی ذکر کیا جن میں نادرا، پولیس، فیڈرل ٹیکس محتسب، آئیسکو اور ثالثی کونسل شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہفتہ کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے ایک اور فیسیلیٹیشن ڈیسک کا افتتاح کیا جائے گا۔انہوں نے آئی سی ایس ٹی ایس آئی اراکین کو چیمبر کی سہولیات سے استفادہ کرنے اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش بھی کی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی کے دروازے آئی سی ایس ٹی ایس آئی ممبران کے لیے کھلے ہیں اور دونوں اداروں کو کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔آئی سی ایس ٹی ایس آئی کے نمائندوں بشمول صدر محمد اویس ستی، چیئرمین قاضی محمد الیاس اور نائب صدر سردار ظہیر احمد نے آئی سی سی آئی کے عہدیداروں کو مبارکباد دی اور چیمبر کے اقدامات کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے چھوٹے تاجروں کو درپیش مسائل کو بھی اجاگر کیا اور امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور تاجر برادری کے مفادات کو فروغ دینے کے لیے آئی سی سی آئی اور آئی سی ایس ٹی ایس آئی کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آئی سی سی آئی کا ایک وفد جلد ہی آئی سی ایس ٹی ایس آئی کا دورہ کرے گا تاکہ تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے اور کاروباری ترقی کو فروغ دینے کے طریقے تلاش کیے جا سکیں۔اجلاس کی نظامت سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے کی جبکہ ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری اور ذوالقرنین عباسی اور آئی سی سی آئی کے دیگر ممبران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔