اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نیشنل انکیوبیشن سنٹر فار ایروسپیس ٹیکنالوجیز کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

145
Chamber of Commerce

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نیشنل انکیوبیشن سنٹر فار ایروسپیس ٹیکنالوجیزنے نوجوانوں کے لئے انوویشن اور انٹرپرینیورشپ پروگراموں کو فروغ دینے کے لئے تعاون قائم کرنے کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس مقصد کیلئے چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے نیشنل انکیوبیشن سنٹر فار ایروسپیس ٹیکنالوجیزکا دورہ کیا جہاں چیمبر کی ایم او یو کمیٹی کے کنوینئر عبدالرحمن صدیقی اور نیشنل انکیوبیشن سنٹر فار ایروسپیس ٹیکنالوجیز کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عمران جٹالہ نے ایک تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مفاہمت کی یادداشت کے مطابق نیشنل انکیوبیشن سنٹر فار ایروسپیس ٹیکنالوجیز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر خطے میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے اورنوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ انٹرپرینیورز کیلئے ایک سازگار ماحول قائم کر کے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خطے کی ایک مضبوط معیشت بنانے کیلئے جدت پسندوں اور انٹرپرینیورز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایروسپیس اور دفاعی صنعت کی عالمی مارکیٹ تقریبا 697 ارب ڈالر کی ہے لہٰذا اس پرکشش مارکیٹ میں بہتر شیئر حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو اس شعبے کے مزید جدت پسنداور انٹرپرینیورز پیدا کر نے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر اور نیشنل انکیوبیشن سنٹر فار ایروسپیس ٹیکنالوجیزکا باہمی تعاون ان اہداف کے حصول کی طرف ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو گا۔نیشنل انکیوبیشن سینٹر فار ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز کے صدر ایوب غوری نے اس موقع پر ایروسپیس ٹیکنالوجی شعبے میں نئے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے اپنے ادارے کی کوششوں سے چیمبر کے وفد کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ سرمایہ کاروں، اختراع کاروں، کاروباری شخصیات اور باصلاحیت نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کر کے معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کریں گے تا کہ وہ ایروسپیس شعبے میں نئی کمپنیاں قائم کر کے معیشت کی بحالی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔