اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیسف پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعاون کا معاہدہ

90
ICCI

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیسف پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے ۔

چیمبر کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری اور یونیسف پاکستان کے سربراہ عبداللہ فاضل نے شرکت کی اور ایم او یو پر دستخط کئے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے بچوں کے حقوق کے فروغ اور قانون سازی کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ دونوں اداروں میں چائلڈ رائٹس کیلئے آگاہی مہمات سمیت مشترکہ فنڈنگ کیلئے باہمی تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

اس موقع پر صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن بختاوری نے پاکستان میں بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے یونیسف کے کردار کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے اور سکول سے باہر لاکھوں بچوں کی تعلیم کیلئے یونیسف پاکستان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

احسن بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا پہلی مرتبہ کسی یو این ادارے کے ساتھ تعاون کا معاہدہ طے پایا ہے اور اس معاہدے سےآئی سی سی آئی اور یونیسف چائلڈ رائٹس کے فروغ اور تحفظ کیلئے اقدامات میں نیا باب ثابت ہو گا۔