24.6 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومتجارتی خبریںاسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا ناروے سفارتخانے...

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا ناروے سفارتخانے کا دورہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ناروے کے سفیر پر البرٹ الساس کی رہائش گاہ پر ایک ظہرانہ میں شرکت کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور سرمایہ کاری شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ناروے کے سفیر پر البرٹ الساس نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک آپس میں کاروبار کرنے اور باہمی تجارت کو بڑھانے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے میں سہولت فراہم کرنا ان کے سفارتخانے کی اہم ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ناروے کی ایک کمپنی پاکستان میں شمسی توانائی اور پن بجلی کی پیداوار میں سرمایہ کاری کے لئے پہلے ہی ایک معاہدے پر دستخط کر چکی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ناروے پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری، جہاز رانی، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی اور اعلیٰ تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا سفارتخانہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں میں بھرپور تعاون کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر باہمی کاروباری تعلقات کو مضبوط بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی موجودہ دوطرفہ تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے جبکہ اس کو بہتر کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے مسائل کا سامنا ہے ،ناروے سستی توانائی پیدا کرنے کے لئے پاکستان میں قابل تجدید اور پن بجلی کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرے۔انہوں نے کہا کہ ناورے کا سفارتخانہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط مضبوط بنانے میں بھرپور تعاون کرے۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے پاکستان اور ناروے کے درمیان معیشت میں تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی اور اس سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے دونوں جانب سے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے ،ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک اس شعبے میں باہمی تعاون قائم کر کے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔

چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور ناروے اپنے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے بلیو اکانومی، سی فوڈ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، متبادل توانائی کے ذرائع، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں۔چیمبر کے سابق صدر سردار یاسر الیاس خان، فیضان شہزاد، عاصمہ ملک ،حلینا اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے مفید تجاویز دیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں