اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ممتاز بزنس مین محمد بشیرجان محمد کو بزنس رول ماڈل ایوارڈسے نوازا گیا۔اتوار کو چیمبر ہائوس میں منعقدہ تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر،ڈاکٹر گوہر اعجاز،ایس ایم تنویر ،عاطف اکرام،احسن بختاوری ،زبیر طفیل ،ظفر بختاوری سمیت بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کاروباری برادری ملک کی معاشی ترقی کا اہم ترین ستون اور سب سے اہم شراکت دار ہے ،پاکستان کے تمام معاشی مسائل کا حل بزنس کمیونٹی کے پاس موجود ہے،حکومت مشکل حالات میں معاشی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار بین الاقوامی تجارت، زرمبادلہ کمانے اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بزنس کمیونٹی کی کوششوں سے آج ملک میں کاروبار ی جدت آ رہی ہے، جس سے پیداواری صلاحیت اور مسابقت میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان خصوصا پنجاب حکومت کمیونٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ کے ساتھ ساتھ کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی سطح پر پوری کوشش کر رہی ہے،پنجاب کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں کی وجہ سے صوبہ سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے بہترین جگہ بن گیا ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت نیلا دلہہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام اور کاروباری برادری کے فائدے کے لیے دیگر تمام منصوبوں کے حوالے سے بھی آئی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کرے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز بزنس مین محمد بشیر جان محمد نے ایوارڈ سے نوازنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی ملک کی معاشی ترقی اور کاروباری برادری کے لیے وقف کر رکھی ہے۔
انہوں نے مستقبل میں بھی اس نیک کام کو جاری رکھنے کا عہد کیا۔انہوں نے ایوارڈ دینے پر صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مسائل کے باوجود اس ملک میں بہت صلاحیت ہے نوجوان یہاں کام کریں اور اپنا اور اپنے ملک کے فائدہ کا ذریعہ بنیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں خصوصا محمد بشیر جان محمد کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے مدت میں کوشش کی کہ ان لوگوں کی خدمات کا اعتراف کیا جائے جنہوں نے اپنی کوشش محنت سے بزنس کی دنیا میں نام پیدا کیا اورہزاروں لاکھوں افراد کے روزگار کا سبب بنے،بزنس رول ماڈل ایوارڈ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ آج ہم جس شخصیت کو بزنس رول ماڈل ایوارڈ سے نوازا ہے وہ حقیقت میں رول ماڈل ہیں،انہوں نے ٹریڈنگ اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز میں اپنی قیادت ثابت کی اور ملکی معیشت کی بہتری کے حوالے سے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ ٹریڈنگ اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز،شوگر انڈسٹری میں اصلاحات کا کریڈٹ بشیر جان محمد کو جاتا ہے۔
انہوں نے اپنی متحرک شخصیت،کردار اور اپنی خدمات کی وجہ سے نیک نامی کمائی اور پاکستان اور عالمی سطح پر ملک کی پہچان بنے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تاجر برادری کو متعدد مشکلات کا سامنا ہے بالخصوص بجلی کی بلند ترین شرح، غیر معقول ٹیکس جس کی وجہ سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اس لیے سیاستدان مل بیٹھ کر کم از کم اگلے دس سال کی پالیسی بنائیں۔انہوں نے نیلا دلہ میں آئی سی سی آئی کی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے حوالے سے پنجاب حکومت سے تعاون بھی طلب کیا۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے آئی سی سی آئی خاص طور پر صدر احسن ظفر بختاوری اور ان کی ٹیم کو بزنس لیڈرز کی خدمات کے اعتراف میں بزنس رول ماڈل ایوارڈ کی تقریب منعقد کرنے پر سراہا ۔
انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل کے حل کیلئے فیڈ ریشن تمام باڈیز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے،ہم ہر فورم پر حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ پالیسیوں کو نافذ کرنے سے پہلے بزنس کمیونٹی سے مشاورت کی جائے۔تقریب میں شاہد غفور پراچہ،سہیل الطاف،حنیف گوہر،قاضی محمد اکبر سمیت دیگر کو ایوارڈ بھی دیئے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=503324