اسلام آباد کی خوبصورتی کیلئے مقامی ماحول سے ہم آہنگ اور ماحول دوست پودوں اور درختوں کو ترجیح دی جائے، چیئرمین سی ڈی اے

41

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین، سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

باکو کے ہارٹیکلچر ماہرین نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سرینگر ہائی وے، میلوڈی مارکیٹ اور سید پور ویلیج کی تزئین و آرائش سمیت سی ڈی اے ماڈل نرسری کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ‘گارڈینیا حب’ کے منصوبے کے تحت نرسری کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے جس میں بین الاقوامی معیار کے مطابق فلاور شاپس، پودے اور جدید گرین ہاؤسز شامل ہوں گے۔

اس منصوبے کو باکو کے آرکیٹکٹس اور ہارٹیکچر ماہرین کی معاونت سے مکمل کیا جارہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نرسری کے ملازمین کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مستقبل میں اس جدید نرسری کو بہترین طریقے سے چلا سکیں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کیلئے مقامی ماحول سے ہم آہنگ اور ماحول دوست پودوں اور درختوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے اسلام آباد شہر کی مختلف شاہراہوں پر دیدہ زیب سافٹ لینڈ سکیپنگ اور میڈین سٹریپس کو مزید خوبصورت بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ شہر کی خوبصورتی کیلئے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کو طویل المدت بیوٹیفکیشن پلان کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور باکو کی ٹیمیں مل کر شہر کی خوبصورتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ سوشل ذمہ داری کے تحت کارپوریٹ سیکٹر اور معروف برانڈز کو بھی شہر کی خوبصورتی اور شجرکاری مہم میں شامل کیا جائے گا تاکہ اسلام آباد کو ایک پُرکشش اور سرسبز شہر بنانے کے مشن کو مزید تقویت مل سکے۔ اجلاس میں شہر کی ترقی اور خوبصورتی سے متعلق دیگر امور پر بھی غور و خوص کیا گیا اور تمام متعلقہ ونگز کو بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔