اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11بھکاریوں کو گرفتار کر لیا ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز کا اپنے دائرہ اختیار کے حامل مختلف علاقوں میں پیشہ ور بھکاریوں اور پتنگ بازی کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔
اسسٹنٹ کمشنر رورل نے کارروائی کرتے ہوئے ایک پتنگ فروش کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیاجبکہ میجسٹریٹ سٹی نے گیارہ بھکاریوں کو کیفے ارم مارکیٹ اور بلیو ایریا کے علاقے سے گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔ترجمان آئی سی ٹی کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 نافذ ہے جس میں واضح طور پر پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف فوری کاروائی کر کے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ترجمان آئی سی ٹی نے مزید بتایا کہ پروفیشنل بھکاریوں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا جبکہ باقی کم عمر بچوں کو ایدھی سنٹر بھیج دیا گیا۔واضح رہے کہ بھکاریوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنرز کی زیرِ نگرانی آپریشن جاری ہے۔