اسلام آباد کے تعلیمی نظام کو ماڈل بنا کر دیگر صوبوں کے لئے مثال بنانا ہمارا فرض ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

11

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی نظام کو ماڈل بنا کر دیگر صوبوں کے لیے مثال بنانا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ وفاقی دارالحکومت کا نظام تعلیم صوبوں کے لئے مثال کے طور پہ پیش کیا جا سکتا ہے؟سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں وزارت تعلیم کے شعبے سے متعلق منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تعلیمی اصلاحات کو ملک بھر کے لئے قابل تقلید مثال بننا چائیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں پرائمری اور مڈل سطح پر طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور کمپیوٹر کوڈنگ جیسے مضامین سے آراستہ کرنا ہوگا، جیسا کہ ترقی یافتہ ممالک میں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سال فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن پر 19 ارب روپے خرچ کر رہی ہے، لیکن کیا اس کے مطابق نتائج نظر آ تے ہیں اگر تعلیمی بجٹ کا ایک فیصد تعلیمی نظام کی نگرانی کے لئے مارکیٹ سے بہترین ٹیلنٹ بھرتی کرنےکے لئے وقف کیا جائے تو اسی بجٹ سے نتائج میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے دفاتر تبادلوں کے آرڈرز کے چھاپہ خانہ بن چکے ہیں جبکہ وہاں جدید ٹیکنالوجی کو تعلیمی نظام میں لاگو کرنے پر دن رات کام ہونا چائیے۔ اگرچہ اسلام آباد شہر کے چند سکولوں میں بہتری آئی ہے لیکن اسلام آباد کے دیہی سکولوں کی حالت ابھی بھی ابتر ہے۔وفاقی وزیر نے وزارت تعلیم کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں تعلیمی اصلاحات کا روڈ میپ پیش کیا جائے تاکہ اسے دیگر صوبوں کے لیے قابل تقلید مثال بنایا جائے۔