33.8 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںاسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں دھماکا، پولیس اہلکار شہید،...

اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں دھماکا، پولیس اہلکار شہید، 5 شدید زخمی

- Advertisement -

 

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں بارود سے بھری ٹیکسی کو خودکش حملہ آور نے دھماکہ سے اڑا دیا جس کے نتیجہ میں ایک پولیس اہلکار عدیل حسین شہید ، دہشت گرد اور اس کی ساتھی خاتون دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔

- Advertisement -

دھماکہ گلی نمبر 31 میں فیملی ہسپتال کے قریب 11 بجکر 15 منٹ پر اس وقت ہوا جب ایگل سکواڈ کے جوانوں نے مشکوک گاڑی چیکنگ کیلئے روکنے کی کوشش کی،دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ علاقہ میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا،اطلاع ملتے ہی پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عزیز میمن اور ڈی آئی جی آپریشن سہیل ظفر چٹھہ نے ایک پولیس اہلکار کی شہادت، دہشت گرد اور اس کی ساتھی دہشت گرد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ سے پانچ اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق آئی ٹین فور کا علاقہ راولپنڈی سے ملحقہ ہے، دہشت گرد نے اس سرحدی علاقہ سے داخل ہونے کیلئے آسان سمجھتے ہوئے اسلام آباد میں اپنے ٹارگٹ کی طرف جانا تھا مگر سکیورٹی ہائی الرٹ ہونے کی بناء پر وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔ ڈی آئی جی سہیل ظفر چٹھہ نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ ایک پرانی ٹیکسی میں ہوا ہے جس میں دہشت گرد کے ساتھ اس کی ساتھی خاتون بھی موجود تھی، سکیورٹی ہائی الرٹ ہونے کی وجہ سے ایگل سکواڈ کے جوانوں نے اسے مشکوک جان کر روکنے کی کوشش کی تاہم دہشت گرد نے گاڑی کو بھگا کر نکلنے کی کوشش کی لیکن جوانوں نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے آئی ٹین فور گلی نمبر 31 کے قریب فیملی ہسپتال کے سامنے روک کر چیک کرنے کی کوشش کی تو دہشت گرد نے بٹن دباتے ہوئے خودکش دھماکہ کر دیا جس کے نتیجہ میں پولیس کا ایک اہلکار عدیل حسین شہید ہو گیا جبکہ گاڑی میں سوار دہشت گرد اور اس کی ساتھی خاتون بھی موقع پر ہلاک ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ گاڑی میں رکھا گیا بارود بھاری مقدار میں تھا، خدانخواستہ اگر دہشت گرد اپنے مطلوبہ ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہو جاتا تو بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا ابھی پتہ نہیں چلایا جا سکا کہ دہشت گرد کا اصل نشانہ یا ہدف کون سی جگہ تھی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام ، ضلعی انتظامیہ اور بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے پانچ اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال پمز میں منتقل کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر رہی ہے، دھماکہ کی جگہ پر دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے والے عملہ کو بھی بلایا گیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ٹیکسی میں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد رکھا ہوا تھا جس کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دہشت گرد کے خود کش دھماکہ کے بعد گاڑی کے پرخچے کئی میٹر دور جا گرے جبکہ دہشت گرد اور اس کی ساتھی خاتون دہشت گرد کے جسمانی اعضاء دور دور تک بکھر گئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی سے دارالحکومت دہشت گردی کے ایک بڑے حملے سے محفوظ رہا، فورس کے جوانوں کے حوصلے دہشت گردوں کی کارروائیاں سے پست نہیں ہوں گے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلوں کو ان کی کارروائیوں سے شکست نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عدیل حسین نے اپنی جان پر کھیل کر ثابت کر دیا کہ پولیس فورس عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

پولیس ترجمان سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ راولپنڈی سے ملحقہ سیکٹر آئی ٹین فور کی گلی نمبر 31 میں دھماکہ ہوا،دھماکہ کی جگہ سے بالکل قریب ہی فیملی ہسپتال موجود ہے۔بتایا گیا ہے کہ گاڑی میں بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد موجود تھا۔پولیس حکام کے ساتھ ساتھ دھماکا خیز مواد کو ڈسپوز کرنے والا عملہ بھی موقع پر پہنچ چکا ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہید اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی جس کے بعد میت کو اس کے آبائی گائوں روانہ کیا جائے گا۔

 

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=342911

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں