اسلام آباد ہائیکورٹ ، عمر ایوب کیخلاف درج مقدمات کے حوالے سے رپورٹ جمع کروانے کے لیے پنجاب حکومت کو ایک روز کی مہلت

158

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کیخلاف درج مقدمات کے حوالے سے رپورٹ جمع کروانے کے لیے پنجاب حکومت کو ایک روز کی مہلت دے دی ہے۔

پیر کو عمر ایوب کی مقدمات کی تفصیلات سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران ایف آئی اے، نیب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد پولیس نے عدالت میں جواب جمع کروا دیا۔ رپورٹ کے مطابق عمر ایوب کے خلاف خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ایک ایک مقدمہ درج ہے،پنجاب حکومت کی طرف سے تاحال مقدمات سے متعلق رپورٹ جمع نہیں کروائی گئی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار عمر ایوب ایک سیاسی شخصیت ہیں۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو رپورٹ جمع کروانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت (آج )منگل تک کیلئے ملتوی کر دی۔