اسلام آباد ہائیکورٹ ججز ٹرانسفر و سنیارٹی کیس کی سماعت پیرکو سپریم کورٹ میں ہوگی

6

اسلام آباد۔ 15 جون (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ ججز ٹرانسفر و سنیارٹی کیس کی سماعت کل پیرکو سپریم کورٹ میں ہوگی ،سماعت کورٹ روم نمبر 3میں جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا پانچ رکنی آئینی بنچ کرے گا ۔بنچ کے دیگر ججز میں جسٹس نعیم اختر افغان ، جسٹس شاہد بلال حسن ،جسٹس صلاح الدین پنھور اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں ۔

گزشتہ سماعت کے دوران درخواست گزار ججز کے وکیل صلاح الدین نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا تھا کہ کسی جج کے تبادلے سے متعلق آئینی نکات واضح ہیں اور مستقل ٹرانسفر کی صورت میں آرٹیکل 175 اے غیر موثر ہو جائے گا، ماضی میں کسی جج کا ایک ہائیکورٹ سے دوسری ہائیکورٹ میں مستقل تبادلے کی کوئی مثال موجود نہیں ہے اور آرٹیکل 200 کے تحت صرف عبوری ٹرانسفر کی اجازت دی گئی ہے۔

درخواست گزار ججز کے وکیل صلاح الدین کے جواب الجواب دلائل کی عدم تکمیل پر کیس کی سماعت 16 جون تک ملتوی کر دی گئی تھی ۔