اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرنیٹ میں سست روی کے خلاف درخواست پر سماعت تین ستمبر تک ملتوی

96

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ میں سست روی کے خلاف درخواست پر سماعت تین ستمبر تک ملتوی کر دی ۔پیر کو انٹرنیٹ سست روی اور فائر وال کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔عدالت نے آئندہ سماعت تین ستمبر پر حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور ممبر ٹیکنیکل وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آئندہ سماعت ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ آئی ٹی سے متعلق جو لوگ کام رہے ہیں یہ ساری چیزیں انٹرنیٹ کی مرہون منت ہیں۔پی ٹی اے کے وکیل نے کہا کہ پہلے ہمیں پتا چلا دو کیبلز کٹی ہوئیں تھیں اور اب ہمیں کل میسج آیا تیسری کیبل بھی کٹ گئی ہے۔عدالت نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں کیس زیر التواء ہے یہاں بھی کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا، کیبل یا کیبلز کٹ گئی ہیں اس کا ذمہ دار پی ٹی اے ہے یا کون ہے؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہماری کسی انسٹالیشن کی وجہ سے کوئی ایشو نہیں آیا۔

عدالت نے کہا کہ دس دن سے بزنس کمیونٹی شکایت کر رہی ہے انٹرنیٹ سے متعلقہ ہر کوئی شکایت کر رہا ہے، حکومت کہہ رہی ہے خراب ہے بس خراب ہے اب یہ پرانا دور تو نہیں جب ایک فون خراب ہوتا تھا تو خراب ہی ہے۔وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ انٹرنیٹ چل رہا ہے واٹس ایپ کے فنکشن متاثر ہو رہے ہیں آڈیو ویڈیو صحیح طریقے سے سینڈ نہیں ہو رہیں، چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ہے ویب آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریٹ کررہے ہیں۔عدالت نے کہا کہ سکیورٹی اور نیشنل انٹرسٹ کا معاملہ ہو تو عدالت کے دیکھنے کے لیے رپورٹ دے دیں، عدالت جاننا چاہتی ہے کیا رہا ہے؟ ایک رات کے لیے سسٹم میں مسئلہ آجاتا ہے یہاں تو 12سے 14روز ہو چکے ہیں۔