اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 6ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کو سیل کر دیا

130
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 6ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کو سیل کر دیا

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی ( آئی ایچ آر اے)نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 6ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس (ایچ سی ایز) کو سیل کر دیا ہے۔آئی ایچ آر اے کی انسپکشن ٹیموں نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے مختلف علاقوں میں 47 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کا معائنہ کیا۔کویسٹ میڈیکل کمپلیکس، ضیاء ڈینٹل کلینک، عباس کلینک، فرسٹ ایڈ میڈیکل سنٹر، ثناء کلینک اور سبحان کلینک کو کوالیفائیڈ میڈیکل اسٹاف کی عدم موجودگی، غیر صحت بخش حالات اور ویسٹ مینجمنٹ کے مناسب نظام کی عدم موجودگی اور رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے سیل کردیا گیا۔

اتھارٹی نے مختلف طبی عدم تعمیل پر دو ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کی خدمات معطل کر دیں۔حسن ڈینٹل کاسمیٹک اور کوالٹی لیبز کو معطل کر دیا گیا جبکہ 27 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ کو معمولی عدم تعمیل پر نوٹس بھیجے گئے اور ان کی انتظامیہ کو انسپکشن ٹیم کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔معائنہ ٹیموں کی آمد پر8 ایچ سی ایز بند پائے گئے

جبکہ چار ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ کو رجسٹریشن اور معطلی کو منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی۔اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی انسپکشن ٹیموں نے کے آر ایل ہسپتال کے بلڈ بینک اور اسلام آباد میڈیکل کمپلیکس (نیسکام) کا بھی دورہ کیا اور اپنی انتظامیہ کو انسپکشن ٹیموں کی طرف سے بہتری کے لیے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔