اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان فٹنس مسائل کے باعث پشاور زلمی کے خلاف میچ سے باہر، آصف علی ٹیم کی قیادت کریں گے

46

لاہور۔16فروری (اے پی پی):اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان انجری کے باعث پشاور زلمی کے خلاف میچ میں حصہ نہیں لیں گے، نائب کپتان آصف علی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان گروئن انجری اور ذیشان ضمیر سائیڈ سٹرین انجری کے باعث جمعرات کو پشاور زلمی کے خلاف میچ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ شاداب خان گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف میچ میں تکلیف کے باعث بغیر کوئی گیند کروائے میدان سے واپس چلے گئے تھے۔

شاداب خان کی عدم دستیابی کے باعث ٹیم کی قیادت نائب کپتان آصف علی کریں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ترجمان نے کہا کہ دونوں کرکٹرز کی میڈیکل رپورٹس موصول ہو چکی ہیں۔ میڈیکل پینل جلد مزید تفصیل سے ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کرے گا۔