اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس ٹو میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کرلی۔اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پرسماعت کی۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ جن تین کسٹمز افسران نے قیمت غلط لگائی ان سے متعلق کیا کارروائی ہوئی؟ اس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کسٹمز افسران سے کوتاہی ہوئی لیکن وہ کرمنل مس کنڈکٹ نہیں تھا، جس نے مالی فائدہ اٹھایا وہ بنیفشری کریمنل مس کنڈکٹ کامرتکب ہوا۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ بلغاری جیولری سیٹ کو غیرقانونی طور پر پاس رکھا اور توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کرایا۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے لیکن میڈیا میں پہلے سے ہے کہ ضمانت ہو جائے گی۔ اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا میڈیا سے خود کو مستثنیٰ کر لیں۔جسٹس گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میڈیا میں کہا جاتا ہے جان کر بیمار ہو گیا، جان کر نہیں آیا، میڈیا اگر سنسنی نہیں پھیلائے گا تو ان کا کاروبار کیسے چلے گا۔بعد ازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور کی۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا
اورانہیں ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا ۔عدالت نے کہا کہ یہ سیٹ کی قیمت زیادہ لگانے کی شہادت کا معاملہ ہے، دبائو کا معاملہ ابھی ثابت کرنا ہے، ٹرائل کے دوران عدالت سے تعاون نہ کیا تو ضمانت واپس ہو سکتی ہے۔واضح رہے قومی احتسا ب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کے دوسرے کیس میں 13 جولائی 2024 کو گرفتار کیا تھا۔