اسلام امن و آشتی کا دین ہے۔بیرسٹر سیف

3

پشاور۔ 26 جون (اے پی پی):وزیراعلی خیبر پختون خوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اسلام امن و آشتی کا دین ہے۔ہمارے دین کی تعلیمات کا نچوڑ ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر دوسرے انسانوں کے حقوق کی ادائیگی اور خوشی کے لیے کام کرنے، اپنے کردار کو بلند کرنے اور معاشرے میں محبت اور عدل کے نظام کو عام کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ کونسل ہال ایبٹ آباد میں خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریم ازم(کے پی سی وی ای) کی جانب سے نیکٹا اور انتظامیہ ایبٹ آباد کے تعاون سے ”سماجی و قومی ہم آہنگی اور امن کا فروغ” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ اباد کیپٹن ریٹائرڈ ثنا ئاللہ خان مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے زعما، پروفیسرز، طلبہ اور سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ اگر ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کے مطابق زندگی بسر کریں گے تو یقینا ہم دنیاوی ترقی اور آخرت کی نجات کی طرف پیش قدمی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی بنیاد عدل پر ہے۔ جس معاشرے میں عدل ہوگا وہاں ذاتی حقوق کی بجائے دوسروں کے حقوق کا خیال رکھا جائے گا کیونکہ اللہ تعالیٰ بندوں کے ذمے اپنے حقوق کو تو معاف فرما دیں گے مگر دوسرے انسانوں کے حقوق معاف نہیں کریں گے۔ جس معاشرے میں نفرت اور ناانصافی ہوگی وہ تخریب کا شکار ہوگا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ انسانوں کے لیے اہم چیز کردار کی بلندی ہے جسے قران کی زبان میں تقوی کہا جاتا ہے جو ہمیں اچھے اور برے میں تمیز کرنا سکھاتا ہے انہوں نے کہا کہ باکردار قوم کے حکمران بھی باکردار ہوتے ہیں۔ اپنے آپ کو دوسروں سے بہتر سمجھنا اور خود کو زیادہ سہولتوں کا مستحق سمجھنا نفرت کو جنم دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی ذات کو پیچھے رکھ کر دوسرے لوگوں کے مفاد اور خوشی کے لیے کام کرنے اور ذات کے دائرے سے نکل کر دوسرے جانداروں کے آرام اور خوشی کے بارے میں سوچنے والے لوگوں میں تمام مثبت قوتیں مرکوز ہو جاتی ہیں اور وہ تقوی دار بن جاتے ہیں ۔ تقریب سے خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسیلنس ان کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریم ازم کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد کاشف ارشاد، ڈائریکٹر ایڈمن وقار خان، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ثنا ء اللہ خان نے اس موقع پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف کو یادگاری سوینئر بھی پیش کی۔