اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اسلام اور سائنس متضاد نہیں، روئت ہلال کمیٹی کی قیادت نہیں بلکہ اس کی معاونت کرنا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں چاند کی روئت کے لیئے آبزرویٹریز بھی قائم کئے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے نو منتخب چیئرمین روئت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر کو سائنسی اعتبار سے چاند کی روئت اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی اس ضمن میں کاوشوں پر بریفنگ کے دوران کہی۔وفاقی وزیر فواد چوہدری نے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کو چاند کی روئت کے سلسلے میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم روئت ہلال کمیٹی کی قیادت نہیں بلکہ اس کی معاونت کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ سائنس کی مدد سے چاند کی روئت کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں سائنسی علوم کی مدد سے ہر مسئلہ کا حل ممکن ہوچکا ہے اور سائنس سے استفادہ کرنے والی اقوام ہی ترقی کی منزلیں طے کرتی چلی جارہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام اور سائنس متضاد نہیں بلکہ اسلام میں علم کو حاصل اہمیت ہی اسے دوسرے مذاہب سے ممتاز کرتی ہے۔وفاقی وزیر نے چیئرمین روئت ہلال کمیٹی کو بتایا کہ اسلام آباد میں چاند کی روئت کے لیئے آبزرویٹریز بھی قائم کی جارہی ہیں جن کی تنصیب کے مقامات کی بھی نشاندہی کی جاچکی ہے اور سی ڈی اے سے ان کی منظوری بھی لے لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ آبزرویٹرز وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ہی کاوشوں کا ثمر ہیں جن کی مدد سے چاند کی روئت میں سہولت ہوگی اور ایک متفقہ فیصلہ ممکن ہوسکے گا۔اس موقع پرمولانا عبدالخبیر کا کہنا تھا کہ ہم شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے سائنسی علوم سے استفادہ کرینگے۔