اسلام آباد،آئی ایف اے کا چھاپہ ،بیکری سیل اور 2000 گندے انڈے تلف کر د یے

117
F.I.A
F.I.A

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):اسلام آباد فوڈ اتھارٹی (آئی ایف اے)نے اچانک معائنے کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں کے انکشاف پر لہتراڑسنٹر میں ایک بیکری کو سیل کر دیا ہے ۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایف اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں (ایف ایس ٹی) کی سربراہی میں کیے گئے معائنے میں خراب انڈوں کے استعمال، صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر صحت بخش حالات کا پردہ فاش ہوا جس پر فوری کارروائی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایف اے کی ٹیم کو بیکری میں مٹھائی میں استعمال کےلئے 2000 گندے انڈے ملے جنہیں بعد میں تلف کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیچریوں سے سستے داموں خریدے گئے انڈے بیکریوں میں لائے جاتے ہیں جو صحت کےلئے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرہ نے صفائی کے شدید فقدان پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پراسیسنگ ایریا اور مٹھائیوں میں زندہ اور مردہ مکھیوں کے ساتھ ساتھ زنگ آلود اور گندی مشینوں کی موجودگی بھی پائی گئی۔

مزید برآں، معائنے سے یہ بات سامنے آئی کہ بیکری نے پیکنگ کے لیے نان فوڈ گریڈ پیپر کا استعمال کیا اور مٹھائیوں کو ٹوٹی ہوئی زنگ آلود ٹرے میں محفوظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سطح کی لاپرواہی سے صارفین کی صحت کے لیے سنگین خطرات لاحق تھے جس پر بیکری سیل اور خراب مصنوعات کو تلف کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر طاہرہ نے اس بات پر زور دیا کہ کھانے کی تیاری میں ٹوٹے اور گندے انڈوں کا استعمال فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے،آئی ایف اے کی تحقیقات کا مقصد ان غیر معیاری انڈے فراہم کرنے والوں کو بھی نشانہ بنانا تھا۔انہوں نے خبردار کیا کہ بیکری مصنوعات میں ایسے انڈوں کا استعمال پیٹ اور جگر کی سنگین بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔

آئی ایف نے نے اعلیٰ معیار پر عمل کرنے والے کاروباروں کی حمایت کرتے ہوئے کھانے کی جعلسازی پر سخت زیرو ٹالیرینس کی پالیسی برقرار رکھی ہے۔ ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کسی بھی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے عوامی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔