اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے ٹریل تھری اور فائیو پر لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں سے پیر کو علی الصبح قابو پا لیا گیا، اس آپریشن میں مختلف ادراروں کے ڈیڑھ سو سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں سی ڈی اے، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) کے اہکار اور آرمی کے دو ہیلی کاپٹر شامل تھے۔
سی ڈی اے کے ترجمان نے ”اے پی پی” کو بتایا کہ مارگلہ ہلز ٹریل تھری تلہاڑ کے علاقے اور ٹریل فائیو پر آگ گزشتہ روز دوپہر کے بعد لگی جس پر قابو پانے کیلئے سی ڈی اے نے سو اہلکاروں سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے مجموعی طور پر ڈیڑھ سو سے زائد اہلکاروں کو آگ بجھانے کیلئے آپریشن کیلئے بھجوایا۔ان کا کہنا تھا کہ مارگلہ ہلز دشوار گزار علاقہ ہے اس لئے وہاں پر اہلکاروں نے مسلسل کئی گھنٹوں تک آپریشن جاری رکھا اور پیر کو علی الصبح آگ پر قابو پا لیا گیا،
مارگلہ ہلز پر آگ شدید گرمی کی وجہ سے لگی تھی۔ قبل ازیں گزشتہ روز مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے ٹریل تھری اور فائیو میں شدید آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے جنگلات کا ایک بڑا علاقہ متاثر ہوا ، وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج نے شہریوں کی مدد کیلئے اور آگ بجھانے کے آپریشن میں انتظامیہ کو دو ہیلی کاپٹر فراہم کئے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی درخواست پر وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے مارگلہ میں آگ بجھانے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کئے ۔ ترجمان نے کہا کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے بھی مارگلہ ہلز پر آگ بجھانے میں مدد فراہم کی، فوج نے مارگلہ پہاڑیوں پر آگ بجھانے میں سول انتظامیہ کی مدد کی، پاکستان آرمی ایوی ایشن کے دو ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقے میں آپریشن میں شامل رہے، ہیلی کاپٹروں نے آگ بجھانے کیلئے پانی لے جانے والی بامبی بالٹیاں استعمال کیں۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ ٹریل تھری پر آگ لگنے کی اطلاع دوپہر 02:00 سے 02:30 بجے کے درمیان ملی۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ کے فائر فائٹرز آگ بجھانے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچے جبکہ سی ڈی اے کے فائر فائٹرز نے بھی آگ بجھانے کیلئے مشترکہ طور پر کام کیا۔ واضح رہے کہ مارگلہ ہلز میں اپریل سے آگ لگنے کا موسم شروع ہوتا ہے اور اس سے حیاتیاتی تنوع، ماحولیات، مٹی اور جنگلی حیات کو بری طرح نقصان پہنچتا ہے۔ آئی ڈبلیو ایم بی اور سی ڈی اے کے حکام نے نیشنل پارک میں جنگل کی آگ پر قابو پانے کیلئے علاقے میں گشت کرنے کیلئے آگ بجھانے وا لی پکٹس بنائی ہیں۔