اسلام آباد،وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر الیکشن ایکٹ 2017 میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینے والی پارلیمانی کمیٹی کے متفقہ طور پر کنوینئر منتخب

131
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کا اجلاس،متعدد اہم ٹیکس قوانین میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لیا

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت سید نوید قمر کو الیکشن ایکٹ 2017 میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینے والی پارلیمانی کمیٹی کا متفقہ طور پر کنوینئر منتخب کر لیا گیا۔ جمعے کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے الیکشن ایکٹ 2017 میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینے کے لئے تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے رکن سینیٹر تاج حیدر نے کمیٹی کے کنوینئر کے طور پر رکن پارلیمنٹ وفاقی وزیر تجارت نوید قمر کا نام تجویز کیا جس کی متفقہ طور پر انجینئر صابر حسین قائم خانی نے تائید کی۔

سید نوید قمر نے اپنے انتخاب پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لئے کمیٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔ اجلاس میں موجود ممبران نے کمیٹی کی اہمیت کو تسلیم کیا اور مقررہ وقت پر تفویض کردہ کام کو پورا کرنے کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔وفاقی وزیر تجارت نے کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ اعتماد پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل اور چیف الیکشن کمشنر کے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط سے آگاہ کیا جس میں عام انتخابات کی تاریخ کے تعین میں صدر کے کردار کے حوالے سے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57(1) اور 58 میں ترامیم کی تجویز دی گئی تھی۔ اجلاس کے دوران الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57(1) اور 58 میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی کے کنوینئر نے زور دیا کہ تمام ممبران مجوزہ ترامیم کا بغور جائزہ لیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی چیز آئین سے متصادم نہیں ۔ کمیٹی نے اس معاملے پر مزید غور و خوض کے لئے آئندہ اجلاس 19 اپریل کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں سینیٹرز تاج حیدر، کامران مرتضیٰ، ارکان اسمبلی محسن نواز رانجھا، انجینئر صابر حسین قائم خانی ،سیکرٹری وزارت پارلیمانی امور اور وزارت قانون کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کمیٹی کے کنوینئر کا انتخاب پاکستان میں انتخابات کے پرامن انعقاد اور جمہوری اقدار کے تحفظ کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔