اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کی نقاب کشائی کر دی ۔
منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ یادگاری ڈاک ٹکٹ سینیٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے، سینیٹ نے ہمارے ملک کے سیاسی منظر نامے کی تشکیل، جمہوریت اور گڈ گورننس کی اقدار کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 50 برسوں کے دوران سینیٹ نے مضبوط بحث و مباحثے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا ۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا کے ذریعے ایسے قوانین کا نفاذ عمل میں آیا جس سے لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے،یہ یادگاری ڈاک ٹکٹ گزشتہ برسوں میں سینیٹ سے وابستہ تمام افراد کی محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ آئیے ہم اپنے ملک کے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے مل کر کام کر یں جہاں ہر پاکستانی کو ترقی اور خوشحالی کا موقع ملے۔