اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):اسلام آباد، شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار،کشمیر،مری اور گلیات میں تیز ہوائیں ،جھکڑچلنے کے ساتھ بارش اور برف باری کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع ، با لا ئی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے جبکہ اس دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اورمطلع جز وی ابر آلود رہا جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہی۔ہفتہ کو ریکارڈکئے گئے کم سےکم درجہ حرارت کے اعدادوشمارکے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 11، ا سکردو منفی 9، گوپس منفی 7، استور، قلات منفی 6،راولاکوٹ ، کالام منفی 4، مالم جبہ اورہنزہ میں منفی 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ ہفتہ کی رات اوراتوار 19 جنوری کی صبح چاغی، نوشکی، خاران، پشین ،قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ میں بارش کے باعث فلیش فلڈنگ کا اندیشہ ہے۔اس دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔