اسلام آباد، نرسزکے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کاانعقاد

170
اسلام آباد، نرسزکے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کاانعقاد

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال، اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور اسلام آباد نرسنگ کالج نے نرسزکے عالمی دن کی مناسبت سے ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا ۔ اس تقریب کا مقصد نرسنگ کمیونٹی کو ان کی انسانیت کے لئے گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرنا تھا۔

اس موقع پر ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر یاسر خان نیازی نے کہا ہےکہ نرسز صحت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں،اچھی تربیت یافتہ نرسوں کے بغیر معیاری صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کو یقینی بنانا ناممکن ہے۔ نرسز، نرسنگ طلباء، نرسنگ اساتذہ، ڈاکٹرز، دیگر طبی پیشہ ور افراد اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں جوش و خروش سے شرکت کی جہاں ٹیبلو، گانے، کوئز، مزاحیہ کھیل اور شاعری سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے اور انہیں نرسنگ شعبہ سے متعلق مفید معلومات حاصل ہوئیں۔

اس موقع پر کالج اور ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی، منیجنگ ڈائریکٹر یاسر خان نیازی، آئی ایم ڈی سی کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید عرفان احمد، ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کرنل (ر) ڈاکٹر غلام مجتبیٰ عباسی، ڈائریکٹر ڈاکٹر عریج نیازی اور چیف نرسنگ آفیسر رفعت فرزانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر ادارہ کے دیگراعلیٰ انتظامی حکام بھی نرسوں کی کاوشوں کو سراہنے کے لئے موجود تھے۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یاسر خان نیازی نے کہا کہ نرسز صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور اچھی تربیت یافتہ نرسوں کے بغیر معیاری صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کو یقینی بنانا ناممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد نرسنگ کالج پاکستان نرسنگ کیئر کے خلا کو پر کرنے کے لیے نرسوں کی ایک بڑی تعداد کی تعلیم و تربیت میں اپنا مزید قردار ادا کرنے کے لئے پر عظم ہے۔چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر نے مریضوں کی دیکھ بھال میں نرسوں کی بے پناہ محنت اور کاوشوں کے اعتراف میں ایوارڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ نرسیں اور ان کی انتظامیہ بہت خوش تھی اور انہوں نے ہسپتال اور کالج انتظامیہ کا نرسنگ کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کے لیے اس کامیاب تقریب کا انعقاد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔