اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا، کشمیر ،خطۂ پوٹھوہار اور شمال ،مشرقی ،وسطی ،جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان ، جنوب مشرقی/زیریں سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں اکثر مقامات پرآندھی/جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران با لائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ سمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا جبکہ جنوب مشرقی/ زیریں سندھ، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش تھرپارکر (ڈپلو 6،چھاچھرو 5، ڈہلی 3)، مٹھی 4، بالائی دیر 5، کالام ،مالام جبہ 2، اسلام آباد(زیرو پوائنٹ 3)اورگوپس میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بدھ کو ریکارڈکیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے اعدادوشمار کے مطابق تربت میں درجہ حرارت 48، نوکنڈی ، دالبندین اورسبی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ 18 اور19 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش سے خیبرپختونخوا ،مری، گلیات ، کشمیر اور کوہ سلیمان کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے / طغیانی جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث بالائی /وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈ نگ کا بھی خدشہ ہے۔