اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور، قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں اتوار بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں اور معیار کی نگرانی کیلئے انتظامی دفتر قائم کئے گئے ہیں۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر ہدایت اللہ خان، شہادت اعوان اور بلال مندو خیل کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتوار بازاروں میں انسپکٹر اور سپروائزر پر مشتمل ٹیمیں تعینات ہیں، تمام بازاروں میں شکایات رجسٹر رکھے گئے ہیں، شکایت موصول ہونے پر شکایت کنندہ کی موجودگی میں شکایت کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی جاتی ہے۔