اسلام آباد میں25 ویں اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز سائنٹیفک کانفرنس (کل) شروع ہو گی

153

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):اسلام آباد میں 25 ویں اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز (آئی اے ایس)سائنٹیفک کانفرنس کل(پیر سے)شروع ہو گی جو 24 جولائی تک جاری رہے گی۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس کانفرنس کا موضوع ’’او آئی سی ممالک کی سلامتی کےلئے پانی، توانائی ، خوراک اور ایکو سسٹم کا تعلق‘‘ کی اہمیت ہے۔ کانفرنس کے انعقاد میں پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کا تعاون شامل ہے۔

کانفرنس کا افتتاح چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور سینیٹر شیری رحمن مشترکہ طور پر کریں گے۔ آئی اے ایس کو اردن اور پاکستان کے سربراہان مملکت پرنس الحسن بن طلال اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی سرپرستی حاصل ہے۔ اس کانفرنس میں او آئی سی سمیت اسلامی ممالک کے 140 سائنسدان ، ماہرین تعلیم، دانشور، صنعتکار اور پالیسی میکر شرکت کریں گے۔ ان ممالک میں بنگلہ دیش، اردن، لبنان، ملائیشیا، فلسطین، سائوتھ افریقا، سوڈان اور ازبکستان شامل ہیں۔

کانفرنس کے 8 ٹیکنیکل سیشن ہوں گے جس میں اہم لیکچرز ، پینل ڈسکشن اور پریذنٹیشن شامل ہیں۔ یہ کانفرنس عالمی ماہرین ، ماہرین تعلیم، محققین، پالیسی میکرز اور صنعتکاروں کو یہ منفرد موقع فراہم کرے گی کہ وہ مستقبل کے روڈ میپ کے تعین کےلئے ان تجربات اور ڈسکشن سے مستفید ہو سکیں گے۔