اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس کا ایک اہلکار رات گئے فیض آباد میٹرو سٹیشن کے قریب مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسلام آباد پولیس کی کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کی ایک ٹیم نے ڈاکوؤں کے ایک گروہ کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔ ملزمان نے چاروں سمت سے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس پر پولیس کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس آفیسر سدھیر احمد عباسی نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا جب کہ کانسٹیبل جعفر جہانگیر شدید زخمی ہیں اور پمز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (اے ڈی سی جی) صاحبزادہ یوسف، ڈی آئی جی طارق جواد اور دیگر اعلیٰ حکام نے رات گئےہسپتال کا دورہ کرکے زخمی اہلکار کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تین سینئر ایس ایس پیز ذاتی طور پر چھاپہ مار ٹیموں کی قیادت کر رہے ہیں اور حملے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ضلع بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602260