اسلام لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کی تلقین کرتا ہے اور تشدد و بد امنی کے خلاف ہے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی علما و مشائخ اور اکابرین سے گفتگو

178

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کی تلقین کرتا ہے اور تشدد اور بد امنی کے خلاف ہے ، علمائے کرام موجودہ صورتحال کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی قیادت میں اہل سنت و الجماعت کے ملک کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے علما و مشائخ اور اکابرین کے وفد سے ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال کے پر امن حل اور تصفیے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ معاملے کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت و شنید کی راہ اپنائی جائے ۔ شرکا نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ تشدد سے نہ صرف عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ اس سے ملک اور دین ِ اسلام کا امیج بھی متاثر ہو گا۔ علما نے موجودہ صورتحال کو پر امن طریقے سے حل کرنے کیلئے اپنے تعاون اور خدمات کی پیشکش کی ۔

صدر مملکت نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علما و مشائخ نے پاکستان کے قیام ، لوگوں کی رہنمائی اور دینی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے ، علما نے ہر مشکل وقت میں ریاست کا ساتھ دیا ، موجودہ حکومت نے اسلامو فوبیا کے تدارک اور حرمت ِ رسول ۖ کے تحفظ کیلئے عالمی فورمز پر آواز اٹھائی اور امت مسلمہ کے موقف کو موثر انداز میں پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے رحمۃ للعالمین اتھارٹی قائم کی جس سے حضورۖ ﷺ کی حیات طیبہ کے بارے میں لوگوں کو تعلیم دینے اور ان کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں قوم کی اخلاقی تربیت میں مدد ملے گی ۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ اسلام امن کا دین ہے جو ہمیں امن ، محبت ، بھائی چارے ، صبر اور برداشت کا درس دیتا ہے ، اسلام ہمیں لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کی تلقین کرتا ہے اور تشدد اور بد امنی کے خلاف ہے اور علمائے کرام موجودہ صورتحال کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

ملاقات میں صدر سنی تحریک (کراچی) سروت اعجاز قادری ، صدر سنی اتحاد کونسل (فیصل آباد) صاحبزادہ حامد رضا ، صدر وفاق المدارس الاسلامیہ (فیصل آباد) صاحبزادہ حسین رضا ، چیئرمین ملی یکجہتی کونسل (حیدر آباد) ڈاکٹر عبد الخیر محمد زبیر اور چیئرمین جماعت الصالحین پیر آف سلطان باہو پیر خالد سلطان باہو نے شرکت کی ۔

پیر عبد الخالق ، حامد سعید کاظمی ، پیر آف مانکی شریف پیر محمد امین ، پیر آف کوٹ مٹھن شریف پیر خواجہ غلام قطب فرید ، پیر آف سیال شریف پیر غلام محمد سیالوی ، صاحبزادہ حافظ حامد رضا ، مفتی وزیر قادری ، پیر رفیق احمد مجددی ، پیر آف شرقپور شریف میاں جلیل احمد شرقپوری ، پیر آف بنگالی شریف پیر مخدوم عباس بنگالی ، پیر آف بساہن شریف پیر سید علی رضا بخاری ، پیر آف بلاوڑا شریف ، پیر حق خطیب حسین علی بادشاہ ، پیر آف سندر شریف پیر حبیب عرفانی ، پیر آف سودھڑہ شریف سید ضیا النور شاہ ، پیر آف سیال شریف پیر قاسم سیالوی ، پیر آف سلطان باہو صاحبزادہ سلطان احمد علی اور پیر نقیب الرحمان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ علما نے مختلف مسائل پر علما و مشائخ کو اعتماد میں لینے پر صدر مملکت کے کردار کو سراہا۔