اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام میں جبری شادی یا جبری تبدیلی مذہب کا کوئی تصور نہیں ہے، حضور اکرم ۖ کے دنیا میں آنے کے مقاصد میں سے ایک مقصد عورت کو عزت دینا ہے، اسلام نے اقلیتوں کو جو حقوق دیئے ہیں وہ دنیا کے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ‘اقلیتوں اور عورتوں کے حقوق سیرت طیبہ کی روشنی میں” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیمینار کا انعقاد وزارت مذہبی امور، پاکستان علماء کونسل اور انٹرفیتھ ہارمنی کونسل کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام امن سلامتی، محبت اور رواداری کا دین ہے، پاکستان کے آئین اور قانون میں تمام اقلیتوں کو تحفظ دیا گیا ہے، تعلیمی اداروں میں اقلیتوں کو اپنی مذہبی کتابیں پڑھنے کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ام المومنین حضرت خدیجہ نے سب سے پہلے نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ اسلام کی حقانیت کی گواہی بھی دی، ہم اپنی سوچ پر اسلام کی مہر نہ لگائیں، اسلام میں بچیوں کی تعلیم پرکوئی پابندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے لئے فیصلہ کن ووٹ اقلیتوں کے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ سے حضور اکرم ۖ نے پوچھا کہ بیٹا علی کی طرف سے پیغام نکاح آیا کیا آپ کو قبول ہے، شادی سے پہلے والدین کو بچی کی مرضی پوچھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جبری مذہبی تبدیلی کے پیچھے وڈیرہ ہے، اس میں اسلام کا کوئی تعلق نہیں، اسلام اس سے بری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمتہ للعالمین ۖ اتھارٹی کے قیام کا مقصد نوجوانوں اور دنیا بھر میں سیرت نبوی ۖ کی تعلیمات کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نجی مذہبی ہم آہنگی کونسل بنائی ہے، کونسل کو 160 شکایات موصول ہوئی ہیں جن تمام کو حل کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے علماء کرام سے کہا کہ وہ عوام میں عورتوں کو والد کی میراث میں حصہ دینے کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، کسی گروہ کے کردار کو امہ کا کردار نہ کہا جائے، اسلام اور حضرت محمد ۖ کی تعلیمات عورتوں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرنے پر زور دیتی ہیں۔ سیمینار سے اسلامی نظریات کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل قاضی عبدالقدیر خاموش، پاکستان علماء کونسل کے وائس چیئرمین مولانا زبیر عابد، بشپ بدرایا، ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر ضیا الحق نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں مختلف اسلامی ممالک کے سفراء نے بھی شرکت کی۔