اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):اسلام ٹریفک پولیس کی خصوصی انفورسمنٹ مہم کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ایک ہفتے میں 112 مقدمات کا اندراج کیا گیا،دوران ڈرائیونگ ٹریفک قوانین کو پس پشت ڈالنے والے 1119 موٹر سائیکلز اور 412 گاڑیاں مختلف تھانہ جات منتقل کی گئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پو لیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں عمل میں لا کر حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے،گزشتہ ہفتے کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کے سدباب کیلئے جاری خصوصی انفورسمنٹ مہم کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔
اس سلسلہ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ایک ہفتے میں 112 مقدمات کا اندراج کیا گیا،دوران ڈرائیونگ ٹریفک قوانین کو پس پشت ڈالنے والے 1119 موٹر سائیکل اور412 گاڑیوں کو مختلف تھانہ جات میں منتقل کیا گیا جبکہ لین خلاف ورزی پر 845، بغیر لائسنس کے 76، ٹرپل سواری پر 11اور 23کم عمر ڈرائیورز کیخلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں گی۔ اسی طرح مخالف سمت ڈرائیونگ پر 923، بغیر ہیلمٹ پر 1007، غیر قانونی پارکنگ پر 2766ڈرائیورز کیخلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے سینئر افسران کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں شامل ڈرائیورز کیخلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران اس امر کو یقینی بنائیں کہ کوئی ڈرائیوربغیر لائسنس کے ڈرائیونگ نہ کر سکے۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کے افسران کے ساتھ تعاون کریں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔