اسلام پابندی وقت، یکسوئی،حلم اور اطمینان سکھاتا ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین

70
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدرپروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ عجلت میں کئے جانے والے کام خیرسے محروم رہتے ہیں، جلد بازی شیطانی اور اطمینان و سکون رحمانی رنگ ہے۔

جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حسین محی الدین قادری نے کہا کہ عبادات اور روزمرہ کے معمولات وقار اور اطمینان سے انجام دیں، اسلام پابندی وقت، یکسوئی،حلم اور اطمینان سکھاتا ہے،

مومن جلد باز نہیں ہو سکتا، افراتفری اور جلد بازی میں کیے گئے سجدے اور نمازیں بھی کچھ فائدہ نہ دے سکیں گی،اپنی زندگیوں میں ڈسپلن لائیں، آپ کے سونے جاگنے، اٹھنے، بیٹھنے، چلنے پھرنے، بولنے اور کھانے پینے میں متانت اور وقار نظر آنا چاہیے،

اپنی نمازوں میں خشوع و خضوع لائیں، اللہ کے حضور عجزونیاز اور محبت و التفات کا پیکر بن کر حاضر ہوں، یہ ادب آپ کو باوقار بنا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺکے اخلاق کریمانہ اعتدال اور میانہ روی کا حسین نمونہ تھے۔