کراچی۔8اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ اسٹاک میں موجود تمام ویگن مکمل بحال کی جائیں تاکہ رولنگ اسٹاک کا بہتر استعمال ممکن ہوسکے، پاکستان ریلوے نے پچھلے مہینے 2.221 ارب روپے کی رکارڈ آمدنی اور 21,766 ویگن لوڈ کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی لیکن یہ ان کے ہدف اور ریلوے کی استعداد سے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ریلوے کے اہم عہدیداروں اور کراچی ڈویژن کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا۔
افسران سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ مالی اہداف کا حصول جامع بزنس پلان بنانے اور رولنگ اسٹاک کے بہترین استعمال سے ممکن بنایا جائے۔ وزیر ریلوے نے محکمے کی بہترین ساکھ قائم کرنے اور تمام غلط فہمیاں ختم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
فریٹ پارٹیز کے نمائندگان سے ملاقات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وہ فریٹ سروس کو عالمی معیار کے مطابق کرنا چاہتے ہیں کیونکہ فریٹ سروس میں ترقی کئے بغیر اس ملک اور ریلوے میں خوشحالی نہیں آسکتی۔ انہوں نے اپنا پلان بتاتے ہوئے کہا کہ پارٹیز کو مخصوص وقت کے لیئے ویگن الاٹ کی جائیں گی تاکہ وہ اپنا کام آزادی سے کر سکیں۔
فریٹ نمائندگان نے وزیر ریلوے کو پورٹ پر سہولتوں اور ٹریک کے مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ میٹنگ میں سی او نثار احمد میمن، اے جی ایم مکینیکل سلمان صادق، اے جی ایم انفراسٹرکچر آصف متین زیدی ، چیف انجنیئر اوپن لائن ارشد سلام خٹک اور ریلوے ہیڈکوراٹر اور کراچی ڈویژن کے متعلقہ افسران موجود تھے۔