کراچی۔ 05 ستمبر (اے پی پی):بلال کالونی اور نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے خفیہ اطلاع پرسیکٹر بی۔6 نیو کراچی اور صبا چورنگی میں کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہریوں کو زخمی کرنے والوں سمیت اسٹریٹ کرائمزمیں ملوث8 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے3 پسٹل، 30بور لوڈ میگزین،ایک ٹچ موبائل فون،ایک شناختی کارڈ ، دو 9 ایم ایم پسٹل لوڈ میگزین، دو30 بور پسٹل لوڈ میگزین، ایک لیپ ٹاپ،ایک کمپیوٹر، 10 موبائل فونز 2موٹر سائیکلیں اور نقدی برآمد کر لی۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد عارف ولد عاشق حسین، کامران ولد فضل محمد، سعید احمد ولد مختیار حسین چانڈیو ، محمد بلاول عرف بلال ولد محمد مرزا،علی عرف ڈان ، عمران عرف کنچا ، جہانزیب اور سہیل شامل ہیں۔گرفتار ملزمان نے گزشتہ ہفتے اسپیشل برانچ کے ہیڈکانسٹیبل کو بلال کالونی کی حدود میں لوٹا تھا جس میں ہیڈکانسٹیبل تنویر کا سرکاری پسٹل اور موبائل فون چھینا تھا،
بلال کالونی پولیس نے تنویر کا موبائل فون برآمد کرلیا ہے۔ ملزمان دورانِ ڈکیتی اپنا حلیہ تبدیل کرتے رہتے تھے، پولیس کیپ اور پولیس کے نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکل استعمال کرتے تھے ۔ گرفتار ملزم علی ڈان گروہ کا سرغنہ ہے اور ڈسٹرکٹ سینٹرل میں درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔