اسٹوڈنٹ اولمپک گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں اختتام،اے لیولز کی جنرل ٹرافی ہائی بروکالج کے نام

188
اسٹوڈنٹ اولمپک گیمز

کراچی۔ 25 ستمبر (اے پی پی):ساتویں اسٹوڈنٹ اولمپک گیمز رنگا رنگ تقریب میں اختتام پذیر ہوگیا،اے لیولز کی جنرل ٹرافی 2800پوائٹنس کیساتھ ہائی بروکالج کے نام رہی جبکہ2600پوائٹس لیکر سی اے ایس اسکول نے او لیولز کی جنرل ٹرافی جیت لی اور چھٹی تا آٹھویں جماعت کے مقابلوں کی جنرل ٹرافی 2150پوائٹنس کیساتھ ہیپی ہومز اسکول کے نام رہی، یونیورسٹیز کے دو کھیلوں کیچ بال اور تھرو بال کے مقابلوں میں جامع کراچی نے کامیابی حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق ساتویں اسٹوڈنٹ اولمپک گیمز کی اختتامی تقریب پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان روک بال فیڈریشن کے چیئرمین سعید آرائیں تھے جنہوں نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ ساتویں اسٹوڈنٹ اولمپک گیمز میں شامل 18کھیلوں کی فاتح ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر سعید آرائیں نے کہا کہ صحت مند جسم کیلئے صحمند دماغ کا ہونا ضروری ہے، یہ تب ہی ممکن ہے جب نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے اور کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جائیں۔

انکی نظر میں پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں بنیادی سطح پر کھیلوں کو فروغ دیا جاتا ہے ، پرائمری سے لیکر یونیورسٹیز کی سطح کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، 10روزہ گیمز میں 100سے زائد اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے ساڑھے چار ہزار طلبہ و طالبات نے شرکت کی، ان کھیلوں کی کامیابی کی غمازی کرتے ہیں مجھے امید ہے مستقبل قریب میں اسکی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر کے ایم سی کی فٹسال ائیر فیلڈ کے اونر اور معروف بزنس مین عبدالوہاب نے کہا کہ اسٹوڈنٹ اولمپک گیمز کی اختتامی تقریب میں دیئے گئے انعامات نے انہیں بڑا حیران کیا، میڈلز سے لیکر ٹرافی تک ہر چیز معیاری تھی، کوئی شق نہیں کہ یہ گیمز آنے والے وقت میں کراچی میں گیم چینجر ثابت ہونگے۔

انہوں نے شاندار ایونٹ پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک انتظامیہ کیساتھ مستقبل میں بھی اپنے بھر پور تعاون کو جاری رکھنے کے عظم کا اظہار کیا۔ پاکستان اسٹوڈنٹ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول ارائیں نے تقریب کے اختتام پر اعلان کیا کہ ساتویں اسٹوڈنٹ المپک گیمز میں جیتنے والی اسکول اور کالج ٹیموں کو ایشین سٹوڈنٹ گیمز اور انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس گیمز 2023 اور 2024کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

اختتامی تقریب میں مارشل آرٹ اور روپ اسکیپنگ کے کھلاڑیوں نے شاندار ڈسپلے کا مظاہرہ بھی کیا۔ انعامات تقسیم کرنے والے مہمانوں میں کراچی گریس ہیلتھ کیئر کے سی ای او رئوف عباسی، پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر کے ڈائریکٹر عمران یوسف، کراچی اسٹوڈنٹ اولمپک ایسوسی ایشن کے چیئرمین فیصل ظفر، پاکستان کیچ بال فیڈریشن کی سیکریٹری امہ لیلی کلثوم سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شامل تھیں۔