ملتان۔ 14 اپریل (اے پی پی):اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے ہفتہ مالیاتی خواندگی کا آغاز کر دیا گیا ، اس سلسلے میں اسٹیٹ بنک ملتان میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں بختاور تنویر شیخ نے چیف منیجر اسٹیٹ بنک جاوید اقبال مارتھ اور دیگر نمائندگان کے ہمراہ ہفتہ مالیاتی خواندگی آگہی کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منیجر اسٹیٹ بنک ملتان جاوید اقبال مارتھ نے کہا کہ مالیاتی خواندگی کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، اسٹیٹ بنک اس مقصد کے حصول کے لیے دیگر بنکوں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے اور ہفتہ مالیاتی خواندگی کا مقصد یہی ہے کہ لوگوں میں مالیاتی خواندگی کا شعور اجاگر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مالیاتی خواندگی میں بنکوں کا فعال کردار ہے جو قابل تعریف ہے
تمام بنکوں کی مدد سے دیہاتوں ، قصبوں اور دور دراز علاقوں میں لوگوں کو مالیاتی خواندگی کی جانب مائل کیا گیا اور اس کے نتائج مثبت برآمد ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں مالیاتی خواندگی کی شرح کچھ ہی عرصہ میں 23 سے 47 فیصد ہوگئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مالیاتی خواندگی آگہی کے دوران صحرا تھر،چولستان اور بلوچستان میں مسائل کا سامنا ہوا ، ملتان کی مویشی منڈی میں لین دین کا نظام بزریعہ کیو آر کوڈ ڈیجیٹل کر دیا ہے اب شہری منڈی میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کریں۔انہوں نے بتایا کہ عوام کے لیے مزید آسانیاں پید اکی جا رہی ہیں ، 5 ڈیجیٹل بنکوں کو لائسنس دئیے گئے ہیں
جس میں دو بنک لانچ ہو چکے ہیں جبکہ پرائز بانڈ نظام کو بھی ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے ۔ صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں بختاور تنویر شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی خواندگی کا مقصد پاکستانیوں کو مالی طور پر خودمختار بنانا ہے تاکہ وہ اپنے مالی فیصلے خود کرسکیں اور بہتر زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے انہیں مالیاتی خواندگی سے آگہی دے کر انکا تعلیمی و معاشی مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581955