اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسلامی مالیات کو فروغ دینے والے بہترین مرکزی بینک کا عالمی ایوارڈ جیت لیا

130

کراچی۔ 10 جنوری (اے پی پی) بینک دولت پاکستان نے سال 2018ءکے لیے اسلامی مالیات کو فروغ دینے والے بہترین مرکزی بینک کا عالمی ایوارڈ حاصل کر لیا۔ یہ مقبول ایوارڈ ریڈ منی گروپ ملائشیا کے بازو اسلامک فنانس نیوز (IFN) کی جانب سے دیا جاتا ہے۔ آئی ایف این کے بہترین بینکوں کے پول کو اسلامی مالیات کی صنعت کے سب سے زیادہ باوقار اعزاز کا درجہ حاصل ہے۔ جمعرات کو مرکزی بینک سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسلامی مالیات کو فروغ دینے والے بہترین مرکزی بینک کی حیثیت سے آئی ایف این ایوارڈ کا ملنا اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملک میں اسلامی بینکاری کی صنعت کو فروغ دینے کی کوششوں کی عالمی توثیق ہے۔ اس ایوارڈ سے ان اسٹریٹجک اقدامات کے عالمی اعتراف کی عکاسی ہوتی ہے جو اسٹیٹ بینک اسلامی بینکاری کو ترقی دینے کے لیے ایک سازگار ماحول کی فراہمی کے سلسلے میں کر رہا ہے۔ اسلامی مالیات کو فروغ دینے کے لیے بہترین مرکزی بینک کے زمرے کا شمار انتہائی سخت مقابلوں میں کیا جاتا ہے جس میں ضابطہ کار ادارے سال کے دوران ضابطہ کاری اور معیاربندی کے شعبوں میں ہونے والی غیر معمولی پیش رفت کے ذریعے اپنی بالادستی قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔