اسپیکروڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کی بی جے پی کی ترجمان کے خاتم النبین حضرت محمّد ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیان کی پر زور مذمت

198

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے بی جے پی کی ترجمان نورپورشرما کے خاتم النبین حضرت محمّد ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیان کی پر زور مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی شرمناک اور اخلاقیات سے گری ہوئی حرکت قرار دیا ہے۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اپنے علیحدہ علیحدہ مذمتی بیانات میں کہا کہ حضرت محمّد ﷺکو پوری انسانیت کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور آپ ﷺنے اپنی تعلیمات کے ذریعے دنیا میں امن ، سلامتی اور انسانیت سے محبت کے پیغام کو اجاگر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ترجمان نور پور شرما کے حضرت محمّد ﷺکے بارے میں گستاخانہ بیان سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات اور احساسات بری طرح مجروح ہوے ہیں اور اس کے خلاف دنیا بھر مسلمانوں میں اشتعال اور انتہائی غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب بھی مذہبی شخصیات کے بارے میں اس طرح کے گستاخانہ بیانات کی اجازت نہیں دیتا ۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ترجمان کا بیان بی جے پی کی مسلمانوں کے خلاف نفرت کی عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی فاشسٹ حکومت بھارت کے مسلمانوں کیلئے ایک سیاہ دور ہے اور ان پر ظلم و مصائب کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ۔انہوں نےپورے عالم اسلام کو اس شرم ناک بیان کے خلاف متحد ہونے اور بھرپور آواز اٹھانے کا کہا۔انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو بی جے پی کی ترجمان کے حالیہ بیان اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری مظالم کا سختی سے نوٹس لینے کا بھی کہا۔