اسلام آباد ۔15 ستمبر(اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمتوں کے علاوہ ہمیں نجی ملازمتوں کے مواقع کے حصول کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا،سی پیک کی تکمیل پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سنگ میل ہے،پاکستان کے بے روزگار نوجوانوں کوروزگار فراہم کرنا ہماری زندگی کا مشن ہے۔ ہفتہ کو یہاں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہواوے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو چنگ لن چی نے سپیکر ہاوس اسلام میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرسے ملاقات کی۔اس موقع پر چین کے سابق سفیر چیگ زیانگ ژانگ بھی موجود تھے۔ملاقات میں دوطر فہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں جبکہ ہر نوجوان پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پر عزم ہے،سرکاری ملازمتوں کے علاوہ ہمیں نجی ملازمتوں کے حصول کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔