اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کراچی میں چینی قونصلیٹ اور ہنگو میں دہشتگردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور حملوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے اور ہنگو میں دھماکے کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے پولیس کے جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذارنہ پیش کرکے ملک و قوم کے لیے ایک عظیم قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداءکی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی قونصل خانے پر حملہ ملک دشمن عناصر کی بھیانک سازش تھی جسے ناکام بنانے میں قانون نافذکرنے والے اداروں نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات اور سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی سازش کررہے ہیں۔