اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے قطر کے سفیر مبارک المنصوری کی ملاقات

67

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں قطر کے سفیر مبارک المنصوری نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں باہمی اتحاد کی ضرورت ہے، پاکستان قطرکے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پا رلیمانی سفارتکاری اور اقتصادی تعاون میں فروغ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک کو قریب لانے میں ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے، پاکستان کی پارلیمان دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پر± عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں وضع کر رہی ہے جن سے قطر کے سرمایہ کار مُستفید ہو سکتے ہیں، پاکستان میں توانائی، گیس اور تیل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جن میں قطری کمپنیاں سرمایہ کا ری کر سکتی ہیں، پاکستان میں ہنرمند افرادی قوت موجود ہے جو قطر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر قطری سفیر مبارک المنصوری نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، قطر پاکستان کے ساتھ اقتصادی ومعاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن قطر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، قطری کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک میں ہم آہنگی کے فروغ اور ان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ قطری سفیر نے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کو 6 اپریل کو قطر میں ہونے والی بین الا پارلیمانی یونین کے اجلاس میں شرکت کے لئے دعوت نامہ بھی دیا۔