اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا

186

صوابی۔ 9 اگست (اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اتوار کو صوابی میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ گجو خان میں پنس (پائن) کا ایک پودا لگانے کے بعد ، ملک کی ترقی و خوشحالی اور ٹائیگر فورس کی مدد سے پورے ملک میں جاری شجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے بھی دعا کی گئی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اس موقع پر گوجو خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہر فرد کو ایک درخت لگانا چاہئے جو نہ صرف سنت رسول اللہ ہے بلکہ ماحولیات کے تحفظ کے لئے ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اجتماعی طور پر پاکستان کو صاف ستھرا اور سبز پاکستان بنانے کے خواب کو پورا کرنا ہے۔اسپیکر نے پوری پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے آگے بڑھیں اور اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا گلوبل وارمنگ کے چیلنجوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی برادری کا ذمہ دار رکن ہونے کے ناطے وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی سرپرستی میں شجر کاری کا آعاز کیا ہے جسے پوری دنیا میں سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے لئے پارلیمنٹ قانون سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے اور انہوں نے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق حالیہ قانون سازی اس عزم کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں دھکیلنے کی بھارتی مذموم سازش کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگی۔ اپوزیشن کے ساتھ حکومت کے حالیہ رابطوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ دیگر زیر التوائ قوانین بھی اتفاق رائے سے جلد منظور کیے جائیں گے۔ بعد ازاں اسپیکر نے صوابی میں پولیو کے خاتمے کی مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔ ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر مون سون کے شجرکاری مہم کا آج ملک بھر میں آعاز کیا گیا ہے جس کے تحت شجر کاری مہم کے دوران صوابی میں ایک لاکھ پچاس ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ صوابی میں مقامی کمیونٹی تمام شاہراہوں پر اور اسکول و کالجوں میں 60 ہزار پودے لگائے گی۔