اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرانے کے لئے سرگرمی سے کام کر رہے ہیں

63

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرانے کے لئے سرگرمی سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بین الپارلیمانی یونین اور دولت مشترکہ کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروائی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو)کے سیکرٹری جنرل اور دولت مشترکہ کے پارلیمانی ایسوسی ایشن کے قائم مقام سیکرٹری جنرل کو خطوط ارسال کئے ہیں۔ جن میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور 63 دنوں سے جاری کرفیو کی وجہ سے کشمیری عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی یو کے آئین کے تحت دنیا کے کسی بھی حصے میں انسانی کا حقوق کا تحفظ اور فروغ آئی پی یو کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معصوم شہریوں خواتین اور بچوں کو گزشتہ 63دنوں سے گھروں میں محصور کر رکھا ہے اور وہ انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست کو بھارت نے غیر قانونی طورپر حکومت بھارتی دستور سے آرٹیکل 35الف اور 370 ختم کیا۔ اس آرٹیکل کے خاتمے سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو محدود پیمانے پر جوخودمختاری حاصل تھی اسے غصب کیا گیا ہے۔