اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو مبارک باد

44
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اپنے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے دعا کی کہ ایسٹر پوری مسیحی برادری کے لیے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہو۔اسپیکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام کو اللہ تعالی نے محبت، رواداری اور بھائی چارے کی تبلیغ کے لیے مبعوث کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام کا محبت کا پیغام آج بھی سب قومیتوں اور برادریوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دنیا میں امن کو یقینی بنانے کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔اسپیکر نے پاکستان میں رہنے والی تمام اقلیتوں کو آئین میں دیے گئے حقوق اور قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کے مطابق تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسپیکر نے کہا کہ اقلیتی برادری کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور موجودہ حکومت اقلیتی برادری کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں رہنے والی مسیح برادری کے جذبہ حب الوطنی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیح برادری کی قومی ترقی میں بے مثال شرکت اور خدمات ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔

انہوں نے مسیحی برادری کو کرونا ایس او پیز پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایسٹر کا تہوار منانے کی اپیل کی۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ایسٹر کےموقع پر مسیح اراکین پارلیمنٹ اور مسیح برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیح برادری کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام اقلیتی برادری کو مساوی حقوق دیتا ہے اور ان کے ساتھ میانہ روی سے پیش آنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کرونا وبا کے باعث مسیحی برادری سے کرونا ایس او پیز کے تحت ایسٹر منانے کی اپیل کی۔