اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت خیبرپختونخواہ اور بلخصوص صوابی میں عوام کو درپیش بجلی کی ٹرپنگ، لو وولٹیج ، اووربلنگ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ خیبر پختونخواہ بلخصوص صوابی کی عوام کو درپیش ٹرپنگ، لو وولٹیج ، اووربلنگ ، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سمیت بجلی کے دیگر مسائل کے حل میں حائل رکاوٹو ں کو دور کرکے جلد از جلد بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے تاکہ عوام کو موسمِ گرما میں پریشانی کا سامنا نہ کرنے پڑے۔
اسپیکر نے متعلقہ حکام کو گرڈ اسٹیشن منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔ متعلقہ حکام نے اسپیکر کو صوابی میں 220 کے وی گرڈ اسٹیشن کے قیام سے متعلق کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بنایا کہ 220 کے وی گرڈ اسٹیشن کے قیام سے صوابی میں بجلی کے مسائل میں حددرجہ کمی ممکن ہوسکے گی اور صوابی میں نہ صرف گھریلو بلکہ صنعتی شعبے سے وابستہ صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں آسانی پیدا ہوگی۔