اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر نے سابق وفاقی وزیر عمر ایوب کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی مرحوم گوہر ایوب کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک اچھی شہرت کے حامل مخلص اور زیرک سیاستدان تھے، ان کی ملک و قوم کے لیے خدمات لائق تحسین ہیں۔انہوں نے مرحوم کی انتقال کو ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر نے مرحوم کے صاحبزادے عمر ایوب اور ان کے خاندان کے دیگر افراد سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔